15 جون ، 2021
وفاقی حکومت نے 30 جون تک کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 13پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 110 روپے 69 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
وزرات خزانہ نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 79 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 2 روپے 3پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 79 روپے 68 پیسہ فی لیٹر ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کےتیل کی قیمت میں ایک روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81 روپے 89 پیسہ فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ دنیا میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا جبکہ بھارت میں ایک ماہ میں 17 بار اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں پچھلے ڈھائی مہینوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں مسلسل اضافے کے سبب اوگرا نے قیمتوں میں 4 روپے تک اضافہ کی تجویز دی لیکن وزیراعظم نے صرف 2 روپے اضافے کی منظوری دی۔