17 جون ، 2021
اداکارہ حرا مانی کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ منہ پر بالٹی رکھ کے مانی کو گانا سنایا کرتی تھیں۔
کچھ روز قبل حرا نے جیو نیوز کے پروگرام 'جشنِ کرکٹ' میں شرکت کی جس کا ایک مزاحیہ کلپ سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ہوگیا۔
شو میں موجود 'علی میر 'کا کہنا تھا کہ حرا نے بتایا ہے یہ مانی کو متاثر کرنے کیلئے بالٹی منہ پر رکھ کے گانے سنایا کرتی تھیں تاکہ آواز کی بازگشت بہتر ہوسکے۔
اداکارہ نے علی میر کی اس بات پر ان سے اتفاق کیا جس پر شہزاد اقبال نے پوچھا کہ آواز کی بازگشت بہتر کرنے کیلئے یا مانی سے چھپ کر بات کرنے کیلئے آپ ایسا کرتی تھیں؟
حرا نے جواب دیا کہ میں اس لیے ایسا کرتی تھی تاکہ مانی کو بھارت کی مقبول ترین گلوکارہ لتا منگیشکر لگوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ کا پہلا ویڈیو سونگ ’سواری‘ رواں سال جنوری میں جاری ہوا تھا جسے لوگوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا، متعدد صارفین نے حرا کو بہترین گلوکارہ بھی قرار دیا۔