18 جون ، 2021
بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے موقع پر وزیراعلیٰ جام کمال کی آمد پر جوتے پھینکےگئے۔
شدید ہنگامہ آرائی کے بعد بلوچستان اسمبلی کا بجٹ پر اجلاس شروع ہوا تو جام کمال ایوان میں پہنچ گئے، اس موقع پر اسمبلی میں جوتے پھینکےگئے۔
بجٹ اجلاس کےبعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ بجٹ اپوزیشن کےحلقوں سمیت بلوچستان کےسارے عوام کے لیے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نےوہ دیکھا جو شاید بلوچستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، آج خاتون رکن اسمبلی پر بھی حملہ کیاگیا،ان پر گملہ پھینکا گیا۔
خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن کے احتجاج کے باعث صوبائی اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا۔
بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے چاروں دروازے تالے لگا کر بند کردیے تھے، پولیس حکام نے ایم پی اے ہاسٹل کےقریب اسمبلی گیٹ کھلوانے کی کوشش کی جس پر اپوزیشن ارکان اور پولیس حکام میں تلخ کلامی ہوئی۔
اس دوران پولیس کی بکتر بند گاڑی نے ٹکر مارکر اسمبلی کا گیٹ توڑ دیا جس کے زد میں آکر ارکان اسمبلی بابورحیم اور عبدالواحد صدیقی زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آگئے اور ہاتھاپائی ہوئی جبکہ پولیس نے اپوزیشن ارکان کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ بھی کی۔
ہنگامہ آرائی میں کئی اپوزیشن ارکان زخمی ہوگئے جبکہ اسمبلی میں رکھے کئی گملے اور شیشے ٹوٹ گئے۔
اس دوران وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو صوبائی وزرا اسمبلی کے اندر لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔