23 جون ، 2021
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم کے زیادتی سے متعلق بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’جو بات عمران خان نے کی وہ ایک مجرمانہ سوچ کی عکاس ہے، انہوں نے یہ بات کرکے قوم کو بتایا ہےکہ ان کے دل اور دماغ میں کس قسم کی سوچ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جو انسان زیادتی جیسے گھناؤنے جرم پر مجرم کو کہتا ہے کہ مجرم ذمہ دار نہیں بلکہ مظلوم ذمہ دار ہے تو اس قسم کی سوچ سے پاکستان کو آزادی چاہیے، جو چھوٹے بچے بچیاں زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں، کیا وہ اس لیے ہوا کہ انہوں نے غلط کپڑے پہنے ہوئے تھے؟ انہیں اس قسم کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، انہوں نے بہت پست سوچ کی عکاسی کی جس پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کراتی ہوں‘۔
مریم نواز نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے بارے میں سنا تھا کہ آپ خواتین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں یا غلط زبان استعمال کرتے ہیں، آپ نے جس طرح ریپ متاثرین کی توہین کی، ایسے لوگوں کے والدین اور متاثرین کو تکلیف پہنچی ہوگی، بجائے ان کو انصاف ملتا ان کو شرم آرہی ہوگی کہ آپ نے ان کو ہی ذمہ دار قرار دیا یہ ایک بری سوچ ہے اس کا خاتمہ ضروری ہے‘۔