23 جون ، 2021
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گیس اور بجلی کے نئے بحران کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اضافی اور سستی بجلی کے ذرائع موجود ہونے کے باوجود حکومت مہنگی بجلی پیدا کررہی ہے اور لوڈ شیڈنگ بھی کر رہی ہے،اگلے ماہ سے آر ایل این جی پلانٹ کی بندش کا مطلب ڈیزل اور فرنس جیسے مہنگے ایندھن سے بجلی کی پیداوار ہوگی ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت بدترین انتظامی تخریب سے ملک اور عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے، اگلےماہ سےصارفین کے لیے گیس،بجلی کی قلت کے نئے بحران کی اطلاعات افسوس ناک ہیں ،گیس اور بجلی کے تعطل سے صنعتی سرگرمیاں اور کاروباری ماحول متاثر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنی کےقواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے حکومتی الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔