26 جون ، 2021
لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت بغیرکارروائی ملتوی کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج لاہور مدثر فرید نے شہباز شریف کے ہتک عزت کےدعوے پر سماعت کی ، وکلاء کی ہڑتال کے باعث کیس میں مزید کارروائی نہ ہو سکی، عدالت نے عمران خان کے وکلاء سے 29 جو ن کو دوبارہ جواب طلب کرلیا ۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نےوزیراعظم عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانےکا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔
دعوے کے مطابق عمران خان نے شہبازشریف پر الزام لگایا تھاکہ انہیں پاناما کیس میں خاموشی اختیار کرنے کے عوض شہباز شریف کے قریبی آدمی نے10ارب روپے کی پیشکش کی تھی، شہباز شریف نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئےعمران خان کے خلاف 7 جولائی 2017 کو سیشن عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔