26 جون ، 2021
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی اسمبلی میں خطاب کے دوران جیسے ہی اپنی حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالنا شروع کی تو مائیک بھی جواب دے گیا۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ جام کمال خان نئے مالی سال کے بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے خطاب کر رہے تھے۔
جیسے ہی انہوں اپنی حکومت کی کارکردگی پر بات شروع کی تو اس دوران اچانک وزیر اعلیٰ کی ڈائس پر موجود مائیک نے کام کرنا ہی چھوڑ دیا۔
وزیراعلیٰ کو خطاب دو دفعہ روکنا پڑا اوراس دوران وزیراعلیٰ اور اسپیکر کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
اسپیکر نے کہا کہ مائیک سسٹم ٹھیک کرنے کا کام تین سال سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں زیرالتوا ہے۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ یہ حکومت کا کام نہیں ہے کہ مائیک سسٹم اور اسپیکرز ٹھیک کرے، اسمبلی کی اپنی باڈی اور فنڈز بھی ہیں، بازار سے نئے مائیک سسٹم کی خریداری کرکے لگوا دیں۔
اس پر اسپیکر نے کہاکہ یہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ دیکھتا ہے وہ خود سے خرید نہیں سکتے۔
جواب میں وزیر اعلیٰ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہم سارے حکومتی اتحادی اسمبلی کیلئے چندہ کرکے نئے مائیک خرید کر لگادیں گے۔
بعد ازاں اسمبلی کے اسٹاف نےمائیک کو ٹھیک کیا اور وزیراعلیٰ نے اپنا خطاب مکمل کیا۔