ماضی کی مقبول اداکارہ بیگم خورشید شاہد انتقال کرگئیں

لاہور: فلم، ریڈیو، اسٹیج اور ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ و صداکار بیگم خورشید شاہد 95 برس کی عمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

بیگم خورشید کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے اداکار سلمان شاہد نے کی اور بتایا کہ والدہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔

بیگم خورشید شاہد کی نماز جنازہ آج شام 4 بجے ڈیفنس فیز 2 ٹی بلاک میں اداکی جائے گی جبکہ ان کی تدفین فیز 7 کے قبرستان میں کی جائے گی۔

خیال رہے دہلی سے ہجرت کرکے پاکستان آنے والی بیگم خورشید شاہد نے فنی کیریئر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے 9 سال کی عمر میں بطور گلوکارہ اور اداکارہ کیا تھا۔ انہوں نے کیرئیر کی ابتدا ء میں لاہور تھیٹر میں بھی کام کیا۔

بیگم خورشید شاہد نے پی ٹی وی پر پہلی مرتبہ کامیڈی ڈرامے رس ملائی میں کام کیا تھا، ان کے دیگر یادگار ڈراموں میں فہمیدہ کی کہانی استانی راحت کی زبانی، وادیِ پرخار ان شامل تھے۔

اس کے علاوہ من چلے کا سودا، چابی اور چابیاں سمیت فشار بھی ان کے یادگار ٹی وی ڈرامے ہیں۔

بیگم خورشید شاہد کو حکومت پاکستان نے پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا تھا، بیگم خورشید شاہد کو کلاسیکل موسیقی پر بھی عبور حاصل تھا۔ انہوں نے آخری بار فلم خاموش پانی میں اداکاری کے جوہر دِکھائے تھے۔

مزید خبریں :