27 جون ، 2021
صوبہ سندھ میں کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت پیر سے تمام مزارات اور درگاہیں کھل جائیں گی۔
سندھ بھر میں پیر سے درگاہیں اور مزارات کھولنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاہم تمام مزارات پر احتیاطی تدابیراختیار کرنا لازمی قراردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق زائرین اور عملے کا ماسک پہننا لازمی ہوگا جبکہ تمام داخلی راستوں پر سینیٹائزر دستیاب ہوں، مزارات اور درگاہوں پر احتیاطی تدابیر اور ہدایتی بینرز آویزاں ہوں۔
حکم نامے کے مطابق مزارات اور درگاہوں پر عوام کا رش نہ لگنے دیا جائے جبکہ زائرین کو 10 منٹ تک مزارات میں رہنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد، بچوں، کھانسی اور بخار کی علامات والوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفیکشن کے مطابق مزارات پر روزانہ اسپرے اور دھلائی کرنا لازمی ہوگا، مزارات پر لنگر تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔