Geo News
Geo News

Time 27 جون ، 2021
پاکستان

جھوٹوں اور نااہلوں کی حکومت ہے جو دنیا کی مہنگی ترین بجلی بنارہی ہے، مفتاح

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

کراچی میں مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ ملک میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہے، یہ کرپٹ، جھوٹوں اور نااہلوں کی حکومت ہے جو دنیا کی مہنگی ترین بجلی بنارہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ  4 ڈالر میں ملنے والی ایل این جی 8 ڈالر میں خریدی جارہی ہے اور سستی بجلی بنانے کی بجائے فرنس آئل پر بجلی بنا رہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے حکومت کو چیلنج دیا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ان سے سستا گیس کا معاہدہ لے آئیں تو وہ اور شاہد خاقان نیب کیسز میں اعتراف جرم کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف کے لگائے ہوئے بجلی گھر ملک میں سب سے سستی بجلی پیدا کررہے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھاکہ گیس کی کمی ملکی تاریخ رقم کررہی ہے، کراچی میں کارخانے اور گھروں کے چولہے بند ہوگئے ہیں۔