Geo News
Geo News

Time 28 جون ، 2021
پاکستان

ملک بھر میں سنیما اور شادی ہالز کھولنے کا اعلان، ویکسینیشن لازمی قرار

انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کاروباری مراکز 10 بجے تک، اِن ڈور شادی ہالز اور سنیما گھر کھولنے کی مشروط اجازت دے دی۔

این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول پمپ، میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری اشیاء کےکاروبار 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت ہو گی جبکہ کاروباری مراکز کے اوقات رات 10 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آوٹ ڈور ڈائن اِن کی رات 12 بجے تک اجازت ہو گی جبکہ ان ڈور ڈائن اِن میں 50 فیصد لوگوں کی اجازت ہو گی اور صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی ان ڈور ڈائن اِن کی سہولت حاصل کر سکیں گے لہٰذا ہوٹلز اور ریسٹورنٹس انتظامیہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کا لائحہ عمل بنائیں۔

این سی او سی  کے مطابق اِن ڈور شادی ہالز میں بھی 200 مہمانوں کی اجازت ہو گی اور صرف ویکسین لگے افراد کو شادی ہالز میں داخلے میں اجازت ہو گی۔

این سی سی او سی نے بتایا کہ سنیما گھر بھی رات ایک بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی تاہم ویکسین لگے افراد کو سنیما میں داخلے میں اجازت ہو گی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ، ریلوے 70 فیصد سواریوں کے ساتھ چلے گی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق ہفتے میں ایک دن تمام کاروبار بند ہوں گے تاہم کاروبار کی بندش کے دن کا فیصلہ وفاقی اکائیاں خود کریں گی۔

این سی او سی نے بتایا کہ تفریحی پارکس، سوئمنگ پولز 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہو گی تاہم بارڈرز کی بندش کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

این سی سی او سی  کے مطابق نئی فیصلوں کا اطلاق یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوگا۔