30 جون ، 2021
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے کسی بھی صوبائی وزیر کی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے شادی کی خبر کو ’شوشہ‘ اور مسائل سے توجہ ہٹانے کی سازش قرار دے دیا۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے بعد بلاول سے جیو نیوز نے استفسار کیا کہ ’کچھ دنوں سے سندھ حکومت میں ایک دلہے کی تلاش ہے آپ کو اس معاملے کا علم ہے‘۔
سوال سن کر بلاول بھٹو زرداری پہلے مسکرائے لمبی آہ بھری اور پھر اپنے انداز میں بولے ’یہ شوشہ ہے شوشہ، مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے اس قسم کی باتیں لے آتے ہیں، یہ سب ایسے ہی ہے ایسی حرکتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور نہ ہی اسی قسم کی کوئی بات ہوئی ہے‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے شادی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھاکہ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ شوہرپہلے سے شادی شدہ ہیں، پہلی بیوی کو راضی کرنے پر ان کا نام بتاؤں گی۔