30 جون ، 2021
صوبہ پنجاب میں کل سے کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں کاروباری اوقات کا نیا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق یکم جولائی سے تمام کاروباری مراکز کے اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے جبکہ تمام کاروباری مراکز اتوار کو بھی کھولنے اور لازمی اشیا کی دکانیں اور کاروبار 24 گھنٹے 7 دن کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ 50 فیصد حاضری کے ساتھ رات 12 بجے تک جاری رہے گی، ہوٹل مالکان عملے کی ویکسی نیشن کیلئے پابند ہوں گے جبکہ ان ڈور ڈائننگ صرف ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے ہو گی۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب بھر میں ان ڈور شادی کی تقریب میں 200 اور آؤٹ ڈور میں 400 افرادکی اجازت ہو گی، شادی ہال مالکان عملے کی ویکسی نیشن کرانے کے پابند ہوں گے جبکہ تمام سنیما ہالز کو رات ایک بجے تک صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو سروس دینے کی اجازت ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام مزارات پر صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو آنے کی اجازت ہو گی، 30 سال سے کم عمر لوگوں کو مزارات جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر 100 فیصد عملے کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔
سیکرٹری ہیلتھ نے بتایا کہ ہر قسم کی کنٹیکٹ اسپورٹس جیسے کہ مارشل آرٹس ،کبڈی اور رگبی وغیرہ پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر بھی مکمل پابندی عائدہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کی پابندیاں یکم جولائی سے 31 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔