04 جولائی ، 2021
فلپائن میں 90 سے زائد افراد کو لیکر جانے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 17 افراد ہلاک جبکہ 40 کو بچا لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے آرمی چیف نے طیارہ گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی فلپائن میں جولو جزیرے پر لینڈنگ کے دوران فضائیہ کا سی 130 طیارہ گر کر تباہ ہوا۔
فلپائن کے آرمی چیف کا کہنا ہے کہ طیارے میں 92 افراد سوار تھے جن میں سے زیادہ تعداد فوجیوں کی تھی۔
مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ حادثے میں 17افراد ہلاک ہوئے جبکہ 40 کو بچا لیا گیا ہے، دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
آرمی چیف سری لیتو لوبیجانا کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔