05 جولائی ، 2021
پاکستان کے معروف اداکاروں نے گزشتہ شب اسٹائل ایوارڈز کی تقریب سے اداکاراؤں کی وائرل ہونے والی تصاویر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
نجی ٹی وی کے زیرِ اہتمام منعقد کی جانے والی رنگا رنگ ایوارڈز کی تقریب میں پاکستانی اداکاراؤں نے نے مغربی طرز کے لباس زیب تن کیے جس پر مداحوں سمیت ساتھی اداکاروں نے بھی سوالات اٹھا دیے۔
معروف اداکار بلال قریشی نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب خوبصورت اور باصلاحیت ہیں، مجھ پر بھروسہ کریں، ایوارڈ شو میں شاندار نظر آنے کیلئے آپ لوگوں کو ایسے لباس پہننے کی ضرورت نہیں جو جسم ظاہر کریں۔
اداکار و میزبان فیضان شیخ نے اپنی اسٹوری میں خواتین کے لباس کے اسٹائل پر حیرانی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹائل کا مطلب مہنگے لباس نہیں ہوتے، اسٹائل کا مطلب جِلد کی نمائش نہیں ہوتا، آپ کلاسی اور سادہ لک کے ساتھ بھی اسٹائلش نظر آسکتی ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ نور بخاری نے انسٹاگرام پر اداکاراؤں کی تصاویر پوسٹ کیں جن کے چہروں پر ایموجی لگائے ہوئے تھے۔
نور بخاری نے سوال کیا کہ کیا یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے؟
اداکارہ نازش جہانگیر اور عفت عمر نے بھی تنقید کرتے ہوئے ملک میں اداکاراؤں کے فیشن سینس کو مردہ قرار دیا۔