Time 05 جولائی ، 2021
انٹرٹینمنٹ

’لوگ ہمیں صرف افسردہ دیکھنا چاہتے ہیں‘، بشریٰ انصاری کا ناقدین کو جواب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی وائرل ڈانس ویڈیو پر ہونے والی تنقید پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے مداح کا مثبت کمنٹ شیئر کیا اور تمام ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیا۔ 

مذکورہ پوسٹ پر اداکارہ نے طویل کیپشن لکھا اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ 3 ماہ سے شدید غم کی کیفیت میں مبتلا تھی اور یہ نقصان ہمارے دلوں میں آخری سانس تک رہے گا، دو روز قبل فیملی میں ڈھولکی تھی، میرے سارے دوستوں نے مجھ سے اصرار کیا کہ اپنی پریشانی کو ترک کروں۔

اداکارہ نے لکھا کہ یہ ڈائریکٹر سلطانہ صدیقی کے پہلے پوتے کی تقریب تھی اور وہ میرے لیے بڑی بہنوں اور ماں جیسی ہیں، میں نے صرف ان کی خوشی میں شرکت کی خاطر 2 منٹ کیلئے اپنے بیٹے (گلوکار) اذان سمیع کے ہمراہ ڈانس کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس ویڈیو پر لوگوں کا ردعمل دیکھ کر شدید دکھ ہوا، لوگ ہمیں صرف افسردہ دیکھنا چاہتے ہیں، خاص طور پر جب آپ عمر رسیدہ ہوچکے ہوں۔

بشریٰ انصاری نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کو ایک بات واضح کردوں کہ زندگی میں سب سے اچھا وقت یہ ہی ہوتا ہے جب آپ اپنے تمام تر فرائض سے فارغ ہوچکے ہوتے ہیں، میری عمر 60 سال سے زائد ہے اور مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بڑوں کو یہ احساس دلانا کہ ان کی عمر ہوچکی ہے اور انہیں خوش رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، انتہائی بیکار ہتھیار ہے۔ میری سمجھ سے باہر ہے، بچے کیوں ہماری عمر کے افراد سے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے صارفین کو کہا کہ لوگوں کو اپنی ٹرولنگ اور تنقید سے دکھ پہنچانا بند کریں، اسلام میں اس کی اجازت نہیں ہے۔

خیال رہے اداکارہ بشریٰ انصاری کی کچھ روز قبل گلوکار اذان سمیع خان کے ہمراہ ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے صارفین کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :