07 جولائی ، 2021
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 8 جولائی سے کارڈف میں ہو رہا ہے، پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف اُن کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتے ہوئے 47 سال بیت گئے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان انگلینڈ کی سر زمین پر اب تک 11 ون ڈے سیریز کھیلی گئیں جس میں انگلینڈ کو واضح برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ نے 9 مرتبہ سیریز اپنے نام کی اور پاکستان صرف ایک مرتبہ سیریز جیت سکا جبکہ ایک سیریز برابر رہی۔
پاکستان نے آخری مرتبہ انگلینڈ کو 1974 میں ون ڈے سیریز میں شکست سے دو چار کیا تھا۔
نظر ڈالتے ہیں انگلینڈ کی سر زمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان 1974سے اب تک کھیلی گئی ون ڈے سیریز پر:
1974 میں پہلی مرتبہ انتخاب عالم کی قیادت میں قومی ٹیم ون ڈے سیریز کھیلنے انگلینڈ گئی، سیریز پاکستان نے دو صفر سے اپنے نام کی یہ پاکستان کی انگلینڈ کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں پہلی اور آخری کامیابی تھی۔
اس بار ٹیم کی قیادت وسیم باری کر رہے تھے اور پاکستان کو ون ڈے سیریز میں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
1982 میں عمران خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا اس بار پاکستان کو ایک بار پھر ون ڈے سیریز میں0 -2 سے شکست ہوئی۔
5 سال بعد پھر پاکستان ٹیم نے عمران خا ن کی قیادت میں 1987 میں انگلینڈ کا دورہ کیا اور ایک بار پھر پاکستان ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا اس مرتبہ پاکستان کو 1-2 سے شکست ہوئی۔
پاکستان ٹیم 1992 میں جاوید میانداد کی قیادت میں ون ڈے سیریز کھلینے انگلینڈ گئی جہاں 5 میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 1- 4 سے شکست ہوئی۔
1996 میں ایک بار پھر پاکستان کو انگلینڈ میں ون ڈے سیریز کھیلنے کا موقع ملا اس بار پاکستان ٹیم کی قیادت وسیم اکرم کر رہے تھے مگر وہ پاکستان کو سیریز جتوانے میں ناکام رہے اور انگلینڈ نے 1 -2 سے سیریز اپنے نام کی ۔
2003 میں پاکستان نے 7 سال کے وقفے بعد راشد لطیف کی قیادت میں انگلینڈ کا دورہ کیا لیکن اس سال بھی کامیا بی پاکستان ٹیم کے ہاتھ نہ آئی اور قومی ٹیم کو 1- 2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
2006 میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے انضمام الحق کی قیادت میں انگلینڈ پہنچی اور اس بار قومی ٹیم کو سیریز میں شکست اور کامیابی دونوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ ون ڈے سیریز 2-2 سے برابر رہی۔
2010 میں قومی ٹیم ایک مرتبہ پھر انگلینڈ سے ون ڈے سیریز جیتنے کی خواہش لیے شاہد خان آفریدی کی قیادت میں انگلینڈ گئی مگر اس بار بھی پاکستان سیریز جیتنے میں ناکام رہا اور انگلینڈ نے 2- 3 سے سیریز جیت لی۔
2016 میں قومی ٹیم نے اظہر علی کی قیادت میں انگلینڈ کا دورہ کیا اور اس بار بھی انگلینڈ نے پاکستان کے سیریز جیتنے کا خواب پورا نہ ہونے دیا اور قومی ٹیم کو 1 -4 سے بری طرح شکست دی۔
2019 میں پاکستان انگلینڈ کی سر زمین پر ون ڈے سیریز کھیلنے پہنچا اور اس بار پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد تھے لیکن اس بار بھی کامیابی قو می ٹیم کے ہاتھ نہ آئی اور 0 -4 سے ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اب دو سال بعد پاکستان ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہے جہاں ان دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغا ز 8 جولائی سے ہورہا ہے۔
شائیقین کو انتظار ہے کہ کیا پاکستان ٹیم 47 سال بعد انگلینڈ کی سر زمین پر ون ڈے سیریز اپنے نام کر پائے گی یا شکست ایک بار پھر قومی ٹیم کا مقدر بنے گی۔
یادرہے کہ انگلینڈ کے اسکواڈ میں کورونا کیسز کی تشخیص کے بعد کھلاڑیوں سمیت سپورٹ اسٹاف تبدیل کردیا گیا جس کی وجہ سے انگلینڈ ٹیم جو پہلے بہت مضبوط دکھائی دے رہی تھی، اب نا تجربہ کار کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت سے تھوڑی کمزور نظر آرہی ہے۔
قومی ٹیم کے پاس ایک سنہری موقع ہے کہ وہ انگلینڈ کو ان کی سرزمین پر 47 سال بعد ون ڈے سیریز میں شکست دے۔