09 جولائی ، 2021
طالبان نے افغان پائلٹس کی ٹارگٹ کلنگ کی تصدیق کردی ہے۔
پچھلے کچھ عرصے میں نشانہ بنا کر قتل کیے گئے افغان پائلٹس کی تعداد سات ہوگئی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان اس لیے پائلٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں کیوں کہ ان کے پاس فضائی طاقت نہیں ہے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان پائلٹوں کی ٹارگٹ کلنگ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ افغان پائلٹوں کو قتل کرنے کی پالیسی اس لیے اپنائی گئی ہے کیونکہ وہ سب اپنے ہی لوگوں پر بمباری کرتے ہیں۔
افغان حکومت نے قتل ہونے والے پائلٹوں کی تعداد افشا نہیں کی ہے۔
سینیئر افغان اہلکار کا کہنا ہے کہ طالبان کی ہٹ لسٹ میں سب سے اُوپر افغان پائلٹس ہیں کیونکہ امریکا اور نیٹو کے تربیت یافتہ افغان جنگی پائلٹ ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔
امریکی و افغان حکام کے مطابق فضائی مشن کے مقابلے میں ان پائلٹوں کی زندگی ایئر بیس کے باہر زیادہ خطرے میں ہوتی ہے، اس ضمن میں افغان پائلٹس اور اُن کے اہل خانہ کی حفاظت کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔