14 جولائی ، 2021
اپر کوہستان: داسو کے قریب بس کے حادثے میں چینی شہریوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان محمد عارف کے مطابق گاڑی کو حادثہ برسین لیبر کیمپ سے داسو جانے والی گاڑی میں کیمپ کے قریب پیش آیا، حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
حکام کے مطابق حادثے میں 9 چینی شہریوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق گاڑی میں داسو ڈیم پر کام کرنے والے عملے کے افراد شامل تھے، زخمیوں اور لاشوں کو آر ایچ سی داسو منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آج صبح چینی کارکنوں کو لےجانے والی ایک بس کھائی میں گرگئی، بس میں مکینکل خرابی کے باعث گیس لیکیج سے دھماکا ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 9 چینی باشندے اور 3 پاکستانی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے حادثے میں پاکستانی اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دفتر خارجہ کے حکام معاونت کے لیے چینی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین آپس میں گہرے دوست اور بھائی ہیں اور پاکستان چینی شہریوں، ان کے پروجیکٹس اور اداروں کی حفاظت پر بھرپور توجہ دیتا ہے۔