Time 17 جولائی ، 2021
انٹرٹینمنٹ

سائرہ بیٹیوں کی طرح ہے میں اس کا بہت حمایتی ہوں: بہروز سبزواری

فوٹوفائل
فوٹوفائل

پاکستان کے سینئر اداکار  بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ شہروز کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف ان کی بیٹیوں کی طرح ہے اور اس لیے ان کے بہت حمایتی ہیں۔

حال ہی میں اداکار بہروز سبزواری نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی )کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان کے ایک سوال پر بہروزسبزواری نے شہروز اور سائرہ کی علیحدگی سے متعلق گفتگو کی گئی۔

بہروز سبزواری نے کہا کہ ’2020 ہمارے لیے کورونا کے ساتھ ساتھ بہت سے اتار چڑھاؤ کا باعث بنا رہا لیکن زندگی اسی کا نام ہے اور ہمیں اس کا مقابلہ کرنا ہے‘۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’ہماری پہلی بہو سائرہ یوسف بھی ہماری بیٹیوں کی طرح ہے کیوں کہ وہ نورے (پوتی) کی ماں ہے، میں سائرہ کا بہت حمایتی ہوں اور جو دوسری بہو صدف کنول ہے وہ اللہ نے ہمیں دوسری بیٹی دے دی ہے‘۔

بہروز سبزواری نے مزید کہا کہ ’شہروز اور سائرہ کی علیحدگی کے وقت خاصی مشکل پیش آئی تھی لیکن اللہ تعالیٰ بہت بڑ ا ہے اور سارے تانے بانے وہی بنتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہم نے یہ غلطی کی یا یہ اچھائی کی لیکن سب قدرت کی طرف سے ہی ہورہا ہوتا ہے اور جو کچھ ہوتا ہے اچھائی کے لیے ہورہا ہوتا ہے اور پھر ہمیں بعد میں سمجھ آتا ہے جو ہوا اچھا ہوا‘۔

سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ ’تین چار دن نورے ہمارے پاس رہتی ہے اور پھر اپنی والدہ کے پاس، کیوں کہ ہم اولاد کو ماں سے علیحدہ کر ہی نہیں سکتے جبکہ سائرہ اور صدف کنول دونوں ہی ہماری بیٹیاں ہیں اور نورے ہماری جان ہے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 29 فروری کو شہروز نے سوشل میڈٖیا پوسٹ کے ذریعے سائرہ یوسف سےعلیحدگی کی تصدیق کی تھی جب کہ سائرہ اور شہروز  کی ایک بیٹی ہے۔

مزید خبریں :