مادھوری کی وجہ سے 'دل تو پاگل ہے' میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا: کرشمہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی اداکارہ کرشمہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم دل تو پاگل ہے میں ان کے کردار  کے لیے کئی اداکاراؤں سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن ڈانس کوئین مادھوری ڈکشت کے مدمقابل کام کرنے سے سب نے انکار کر دیا تھا۔

بھارتی رئیلٹی شو انڈین آئیڈل میں گفتگو کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ اس فلم میں کام کرنے سے کئی اداکاراؤں نے یہ کہہ کر منع کر دیا تھا کہ ہم مادھوری کے مدمقابل کیسے ڈانس کرسکتے ہیں۔

کرشمہ کپور نے بتایا کہ جب مجھے فلم کی پیشکش کی گئی تو میں نے بھی مادھوری کی وجہ سے ابتدائی طور پر اس فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تھا لیکن پھر ہدایتکار  یش چوپڑا اور  ادیتیا چوپڑا میرے پاس آئے اور  مجھے فلم کی کہانی سنائی۔

میری ماں نے کہا کہ تم مادھوری کی مداح ہو یہ تمہارے لیے چیلنج ہوگا، اسے قبول کرو، کرشمہ کپور____فوٹو فائل
میری ماں نے کہا کہ تم مادھوری کی مداح ہو یہ تمہارے لیے چیلنج ہوگا، اسے قبول کرو، کرشمہ کپور____فوٹو فائل

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری والدہ نے مجھے یہ فلم کرنے پر  راضی کیا، انہوں نے کہا کہ تم مادھوری کی مداح ہو اور یہ تمہارے لیے چیلنج ہوگا کیونکہ فلم میں مادھوری اور تمہارے ڈانس کا مقابلہ دکھایا جانا ہے، تم یہ چیلنج قبول کرو اور محنت کرو جس کے بعد میں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی۔

خیال رہے کہ 1997 میں بننے والی فلم دل تو پاگل ہے میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت اور کرشمہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ فلم میں شاندار اداکاری کے سبب کرشمہ کو فلم فیئر ایوارڈ سمیت نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

مزید خبریں :