مشی خان کا 4 بچوں کی ماں کے قاتل کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اداکارہ مشی خان نے حیدرآباد میں قتل کی جانے والی 4 بچوں کی ماں کے قاتل کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

حیدرآباد کے علاقے بیراج کالونی کے رہائشی عمر خالد میمن نامی شخص کو اپنی اہلیہ قرۃالعین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اسی ضمن میں ٹوئٹر پر 'جسٹس فار قرۃالعین' کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت اداکارہ مشی خان نے بھی ملزم کو عبرت کا نشان بنائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مشی خان نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ حیدرآباد میں پیش آیا جہاں عمر میمن نامی شخص نے یقیناً بچوں کے سامنے ہی ان کی والدہ کو مارا ہوگا۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں قانونی نظام بہت ہی کمزور ہے، کسی کو کوئی سزا نہیں ملتی، اس نظام سے میرا بھروسہ اٹھ چکا ہے، اس قسم کے واقعات روز ہو رہے ہیں لیکن کسی کو سزا دے کر دوسروں کے لیے مثال نہیں قائم کی جاتی۔

مشی خان نے کہا کہ ہمارے ہاں تفتیشی نظام بھی خاصا کمزور ہے، وہ ایک بااثر شخص ہے یقیناً اس کیس سے بری ہو جائے گا، مجھے اس بات کا بے حد دکھ ہے۔

اداکارہ نے کیپشن میں ملزم کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے واسطے سزا دیں ورنہ یہ ملک جنگل بن جائے گا۔

مزید خبریں :