ہیک کے بغیر نرم اور مزیدار کلیجی بنانے کا طریقہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

عیدالاضحیٰ کے دن کلیجی کا نا ہونا دسترخوان پر کھانوں کے نامکمل ہونے کا احساس دلاتا ہے لیکن مزیدار اور ہیک کے بغیر کلیجی بنانا بھی ایک مہارت ہے جس پر سب پورا نہیں اترتے۔

کچھ افراد کلیجی سخت ہوجانے یا اس میں سے ہیک آنے کی شکایت کرتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو بغیر بو کے مزے دار نرم کلیجی بنانے کا طریقہ بتائیں گے۔

فرائی کلیجی:

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہیک یا ناگوار بو سے بچنے کیلئے کلیجی دھونے کا طریقے

ایک کپ پانی میں 2 کھانے کے چمچ سرکہ ڈال کر 10 منٹ کے لیے کلیجی اس میں بھگو دیں، اس کے بعد  پانی سے اسے اچھی طرح دھو کر چھلنی میں ڈال دیں تاکہ پانی نکل جائے۔

ہیک سے بچنے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ 2 چمچ لہسن کا پیسٹ کلیجی کی بوٹیوں پر لگائیں اور 10 منٹ کے لیے اسے چھوڑ دیں اور پھر پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔

بنانے کا پہلا طریقہ

کڑھائی میں اچھا خاصا تیل ڈال کر کلیجی فرائی کرلیں، بوٹیاں سرخ ہوجائیں تو تیل سے نکال لیں پھر اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز، باریک کٹے ہوئے ٹماٹر، ہری مرچیں، ایک چمچ چاٹ مصالحہ اور لیموں کا رس ڈال کر لطف اٹھائیں۔

پکانے کا  دوسرا طریقہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک کپ دہی میں آدھا چمچ لال پسی مرچیں، ایک چوتھائی کٹی مرچیں، تھوڑی سی ہلدی، ایک چمچ ثابت دھنیا، ایک چمچ کٹا ہوا زیرا ملا کر بوٹیوں کو آدھے گھنٹے کے لیے میرینیٹ کرکے رکھ دیں۔

کڑھائی میں آئل ڈال کر 4 ثابت کالی مرچیں، 2 لونگ اور 2 بڑی الائچی (بدبو ختم کرنے کے لیے) ڈال دیں، پھر کدوکش کی ہوئی ایک پیاز اس میں شامل کریں۔

پیاز ہلکی سی براؤن ہو جائے تو اس میں ایک سرخ ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں، ٹماٹر گل جائے تو اس میں دہی میں میرینیٹ کی گئی کلیجی شامل کریں اور اس کو اچھی طرح بھون لیں، دہی کے پانی میں ہی کلیجی گل جائے گی۔

کلیجی آئل چھوڑ دے تو اس میں نمک شامل کریں، 2 سے 3 منٹ پکانے کے بعد چولہا بند کردیں اور اوپر سے ہرا دھنیا، ہری مرچ اور ادرک کاٹ کر ڈال دیں۔

اہم ہدایت: کلیجی میں نمک ہمیشہ پکنے کے بعد شامل کریں، شروع میں ڈالنے سے کلیجی سخت ہو جائے گی۔

لیجیے ملائی جیسی بغیر ہیک کے کلیجی تیار ہے۔

مزید خبریں :