پاکستان
Time 22 جولائی ، 2021

دیامر: لینڈ سلائیڈنگ سے زمینی رابطے منقطع، سیاح پھنس گئے

گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد زمینی رابطے منقطع ہوگئے۔

محکمہ داخلہ جی بی کا دعویٰ ہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شاہراہ قراقرم کو 9 میں سے 7 مقامات سے صاف کردیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے مسافروں کو چلاس شہر میں ہی انتظار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند شاہراہ قراقرم تین روز سے بند ہے جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جب کہ خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں سیاح پھنسے ہوئے ہیں،لوگوں  نے بیزار ہوکر سڑک کنارے ہی ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

دوسری جانب گلگت استور روڈ ٹریفک کیلئے کھول دی گئی، یہ سڑک 15 مقامات پر لینڈ سلائیڈئنگ کے باعث بلاک ہوئی تھی۔

ضلع غذر کا بھی زمینی رابطہ منقطع

علاوہ ازیں غذر کے بالائی علاقے داملگن میں لینڈ سلائیڈنگ سے تحصیل یاسین کا زمینی رابطہ گزشتہ روز سے منقطع ہے جب کہ گوپس چرتوئی کے مقام پربھی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث گلگت چترال روڈ ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔

ادھر دریائی کٹاؤ کی زد میں آنے سے اشکومن روڈ آج چوتھے روز بھی بند ہے، بلہنز سے بدصوات تک گلیشیئر سرکنے سے روڈ تباہ ہوگئی۔

ایمت کے بالائی دیہات کا زمینی رابطہ بھی گزشتہ پانچ روز سے منقطع ہے، اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی سڑکوں پر پتھر اور مٹی کے تودے گرنے سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مزید خبریں :