25 جولائی ، 2021
جمہوریہ کانگو کے دارلحکومت کنشاسا میں پولیس اہلکار نے ماسک نہ پہننے پر ایک طالب علم کو گولی مار دی۔
لڑکے کے دوستوں کے مطابق ہنور شما نامی لڑکا یونیورسٹی آف کنشاسا کی فیکلٹی آف آرٹس کا طالب علم تھا ۔
ہنور یونیورسٹی کے اسائمنٹ کیلئے ویڈیو بنا رہا تھا کہ ایک پولیس اہلکار نے اسے فلم بندی کے دوران ماسک پہننے کو کہا جس پر ہنور شما نے ماسک نہ پہننے کی وجہ بتائی۔
مگر پولیس اہلکار جس کو پیسے کی پیش کش کی توقع تھی ، وہ مشتعل ہوگیا ، اس نے طالب علم پر مزاحمت کرنے کا الزام لگایا اور گولی چلادی۔
کنشاسا پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ گولی مارنے والا اہلکار فرار ہے ، پولیس اس کی تلاش کیلئےہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ پولیس نے واقعے کے دوران موجود دیگر 2 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لےلیا ہے۔
واضح رہے کانگو میں کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا ضروری قرار دیا گیا ہے ،خلاف ورزی کرنے والے پر جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یاد رہے کانگو میں کورونا سے اب تک 1،021 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔