پاکستان
Time 26 جولائی ، 2021

آزاد کشمیر کے کون کونسے بڑے نام الیکشن جیتنے میں کامیاب رہے؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آزاد کشمیر میں 25 جولائی کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں سابق وزرائے اعظم سمیت بڑے بڑے نام جیتنے میں کامیاب رہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر ایل اے 32 مظفر آباد سے جیت گئے لیکن انہیں ایل اے 33 مظفر آباد سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایل اے 3 میرپور سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھی کامیاب ہو گئے، اس حلقے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد سعید کو شکست ہوئی۔


تحریک انصاف کے سردار تنویر الیاس ایل اے 15 باغ سے جیت گئے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ضیا قمر کا دوسر نمبر رہا۔

ایل اے 29 مظفر آباد سے مسلسل دو بار منتخب ہونے والے ن لیگی امیدوار بیرسٹر افتخار علی گیلانی ہار گئے جبکہ پی ٹی آئی کے خواجہ فاروق احمد جیت گئے۔

مظفرآباد سے پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر اور پونچھ سے سردار محمد یعقوب خان جیت گئے۔ اس کے علاوہ باغ سے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان بھی کامیاب رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور مسلم لیگ ن 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

مزید خبریں :