27 جولائی ، 2021
ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد مسلسل دوسری شکست کے بعد ایونٹ سے آؤٹ ہوگئیں جبکہ 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں حسیب طارق ہیٹس میں 70 میں سے 62 ویں نمبر پر آئے۔
ٹوکیو اولمپکس میں منگل کو پاکستان کے دو ایتھلیٹس ایکشن میں تھے، صبح بیڈمنٹن کے مقابلے میں پاکستان کی ماحور شہزاد نے برطانیہ کے کرسٹی گلمور سے مقابلہ کیا۔
31 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں ماحور کو 14-21 اور 14-21 کے اسکور سے اسٹریٹ گیمز میں شکست ہوئی۔
ماحور کو اس سے قبل پہلے میچ میں جاپان کی یاما گوچی نے شکست دی تھی۔ گروپ میں مسلسل دو شکست کے بعد پاکستان کی پہلی بیڈمنٹن اولمپیئن ماحور شہزاد کا مقابلوں میں سفر ختم ہوا۔
100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں پاکستان کے حسیب طارق ہیٹس میں ایکشن میں تھی، حسیب طارق نے 9 میں سے دوسری ہیٹ کیلئے پول میں اترے اور 53 عشاریہ آٹھ - ایک سیکنڈز کے ساتھ ہیٹ میں شریک 8سوئمرز میں سے چھٹے نمبر پر رہے تاہم تمام ہیٹس کے اختتام پر حسیب طارق 70 پیراکوں میں سے 62 ویں نمبر پر رہے۔
وہ ہیٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سوئمر سے 6 اعشاریہ ایک صفر سیکنڈز پیچھے رہے جبکہ 16 ویں نمبر پر کوالیفائی کرنے والے سوئمر سے حسیب 5 عشاریہ تین۔ سات سیکنڈز سست رہے۔
ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کا اگلا ایکشن اب جمعرات کو ہے جب جوڈوکا شاہ حسین شاہ مردوں کی 100 کلوگرام باوٹ میں مصر کے رمضان دریوش سے مقابلہ کریں گے۔
شاہ حسین کی باوٹ صبح سات بجے شروع ہوگی۔