پاکستان
Time 27 جولائی ، 2021

انکوائری مکمل، ڈی آر او کی پی ٹی آئی کے 2 نومنتخب ارکان سمیت 4 امیدواروں کو نااہل کرنے کی سفارش

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور ان امیدواروں کی انتخابی مہم میں شامل تھے اور تقریربھی کی، انکوائری رپورٹ فوٹو:فائل
وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور ان امیدواروں کی انتخابی مہم میں شامل تھے اور تقریربھی کی، انکوائری رپورٹ فوٹو:فائل 

ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر مظفرآباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  2 نو منتخب ارکان قانون ساز اسمبلی سمیت چار امیدواروں کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی انکوائری مکمل کرلی۔

رپورٹ کی غیر مصدقہ کاپی کے مطابق تحریک انصاف کے 2 ارکان قانون ساز اسمبلی سمیت 4 امیدواروں کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہوگئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاست بدر کیے جانے والے پاکستان کے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نومنتخب ارکان خواجہ فاروق احمد اور چوہدری رشید سمیت پی ٹی آئی کے امیدواروں چوہدری شہزاد محمود اور راجہ منصور کی انتخابی مہم میں شامل تھے اور تقریر بھی کی تھی جس میں ریاست کے انتہائی معتبر ادارے کی ہتک آمیز انداز سے توہین کی کوشش کی گئی تھی۔

انکوائری رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ مناسب ہوگا کہ نو منتخب ارکان قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد اور چوہدری رشید سمیت چوہدری شہزاد محمود اور راجہ منصور کو انتخاب کیلئے نااہل کیا جائے۔

انکوائری رپورٹ کے حوالے سے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نو منتخب امیدواروں سمیت دیگر دو امیدواروں سے متعلق انکوائری تاحال موصول نہیں ہوئی۔ 

خیال رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور پر آزادکشمیر میں داخلے پر پابندی لگائی تھی تاہم پابندی کے باوجود انہوں نے آزاد کشمیر میں انتخابی جلسوں میں شرکت کی تھی۔

مزید خبریں :