کھیل
Time 28 جولائی ، 2021

شاہد آفریدی ای پی ایل میں دھوم مچانے کیلئے تیار

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نیپال کی ایورسٹ ٹی ٹوئنٹی پریمئر لیگ(ای پی ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فوٹو: فائل
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نیپال کی ایورسٹ ٹی ٹوئنٹی پریمئر لیگ(ای پی ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نیپال کی ایورسٹ ٹی ٹوئنٹی پریمئر لیگ (ای پی ایل)  کے چوتھے ایڈیشن  میں کھٹمنڈو کنگز کی نمائندگی کرتے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

کھٹمنڈو کنگز کے کپتان سندیپ لامیچانے نے ٹیم کی افتتاحی مہم کے دوران  آفریدی کو خوش آمدید کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی آپ کو میدان میں دیکھنے پر بہت خوش ہونے کے ساتھ ٹیم میں شامل ہوتا دیکھنے کے بھی منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر معلوم ہے کہ نیپال کے اس دورے کے دوران آپ ایک اچھا وقت گزار سکیں گے۔

اس حوالے سے شاہد آفریدی کے مطابق وہ پہلی مرتبہ نیپال کے دورے پر جا رہے ہیں جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے، ٹورنامنٹ میں چکھوں کی تعداد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے   جواب میں آفریدی کا کہنا تھا کہ اس کا انحصار اس دن کی بولنگ پر ہے اس لیے کچھ نہیں کہا جا سکتا البتہ نیپالی عوام کو انٹرٹین کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی اور سندیپ لامیچانے ایورسٹ ٹی ٹوئنٹی لیگ کے علاوہ پاکستان سپر لیگ اور افغانستان سپر لیگ میں بھی ساتھ ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ نیپال کے نوجوان کھلاڑی نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا  آغاز آفریدی کے ساتھ آئی سی سی  ورلڈ الیون ٹیم میں شامل  ہوکر عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک میچ میں کیا تھا۔

خیال رہے کہ ای پی ایل کے چوتھے ایڈیشن میں آفریدی سمیت بڑے نامی گرامی کھلاڑیوں کو شرکت کرنی تھی لیکن عالمی وبا کی صورتحال کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکا جبکہ اس لیگ کا آغاز 2016 میں ہوا لیکن کچھ درپیش مسائل کی بنا پر ای پی ایل کو 2018 میں ملتوی کردیا گیا تھا۔

چوتھا ایڈیشن 5 ستمبر 2021 سے 9 اکتوبر2021 تک کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :