28 جولائی ، 2021
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو سخت سیکیورٹی میں چوتھی پیشی کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد لایا گیا۔
ملزم کو مجسٹریٹ محمد شعیب اختر کے سامنے پیش کیاگیا۔
سرکاری وکیل ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا چکی ہیں جن کا فارنزک کرانا ہے، ملزم کو بھی فارنزک کیلئے لاہور لے جانا ہو گا۔
ملزم کے وکیل نے فوٹو کے ذریعے فارنزک کرانے کی استدعا کی لیکن سرکاری وکیل نے کہا فوٹو سے کام چلانا ہوتا تو مزید جسمانی ریمانڈ نہ مانگتے، عثمان مرزا کیس میں بھی ملزم کو لاہور لے جایا گیا تھا۔
سرکاری وکیل نے تین روزہ مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 31 جولائی تک سماعت ملتوی کردی۔