29 جولائی ، 2021
اداکارہ مہوش حیات نے ملک میں خواتین پر مظالم اور زیادتی کے بعد قتل جیسے واقعات پر آواز اٹھاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد اس حوالے سے جامع اقدام کیے جائیں۔
مہوش حیات نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہیش ٹیگ اور نعروں کا وقت اب ختم ہوچکا ہے، حکومت بتائے کہ نظام کی تبدیلی کیلئے کیا کررہی ہے؟ جنسی ہراسانی اور صنفی تشدد جیسی چیزوں کو معاشرے سے اس وقت تک نہیں نکالا جاسکتا جب تک معاشرہ خود تبدیل نہ ہوجائے۔
اداکارہ نے ایک اور ٹوئٹ میں ملک میں موجود عدالتی نظام سے متعلق کہا کہ یہ انتہائی خطرناک، فرسودہ اور غیر مؤثر ہے، قوانین ہیں لیکن ان کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
مہوش حیات نے مزید کہا کہ تشدد اور زیادتی سے پاک معاشرے میں زندگی گزارنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے، کسی کو خوف میں مبتلا ہوکر نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ اب کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ان سب کے خلاف ابھی اور اسی وقت ایکشن لینا ہوگا اس سے قبل کہ کوئی اور مظلوم ہیش ٹیگ بنے۔