کھیل
Time 29 جولائی ، 2021

ڈیبیو میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر فخر محسوس کر رہا ہوں ، محمد وسیم جونیئر

عثمان قادر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈبیو کرنے والے محمد وسیم جونئیر کوپہلے میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر حوصلہ افزائی کی۔ فوٹو: فائل
عثمان قادر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈبیو کرنے والے محمد وسیم جونئیر کوپہلے میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر حوصلہ افزائی کی۔ فوٹو: فائل

بارباڈوس: قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے محمد وسیم جونئیر کوپہلے میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر حوصلہ افزائی کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ینگ بولرز کا کہنا تھا کہ میچ مکمل نہیں ہو سکا  لیکن بولرز کو اس میچ سے بہت اعتماد ملا ہے۔

عثمان قادر نے اپنے ساتھی بولر محمد وسیم جونئیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم اور ان کی فیملی کے لیے یہ بڑا قابل فخر لمحہ ہے جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کی وکٹ حاصل کی جو کافی بڑی بات ہے جبکہ انہوں امید ظاہر کی کہ فاسٹ بولر اپنی اس فارم کو آگے بھی برقرار رکھیں گے۔

لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے پلیئرز جارحانہ بیٹنگ کرتےہیں، پچ سے ٹرن مل رہا تھا جبکہ منیجمنٹ نے رنز روکنے کی ہدایت کی تھی اس لیے پلان کے مطابق بولنگ کی گئی۔

اس کے علاوہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے کہا کہ ڈیبیو میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر فخر محسوس کر رہا ہوں، کپتان بابر اعظم نے یہی کہا تھا کہ لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے انجوائے کرنا ہے اس لیے میں نے بہت انجوائے کیا، انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کا اپنا مزہ ہے۔

محمد وسیم جونیئر کا مزید کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا آیا ہوں لیکن انٹر نیشنل کرکٹ میں بہت فرق ہے۔

مزید خبریں :