29 جولائی ، 2021
محکمہ صحت سندھ کے عملے کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسین فروخت کرنےکا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس نے ویکسین کی فروخت میں ملوث محکمہ صحت کے 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے ۔
ایک ملزم ذیشان نے انکشاف کیا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسر سمیت دیگر نے ویکسین فروخت کرنےکا کہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے گھر گھر جا کر فائزر ویکسین لگانا شروع کی اور 7500 سے 15 ہزار روپے میں ویکسین فروخت کی، ویکسین لگانے والوں کی انٹری بیرون ملک جانے والے افراد کی فہرست میں شامل کر دیتے تھے، ویکسین فروخت کرنے کے بعد پیسے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو دیتے تھے، پولیس نے اعلیٰ حکام سے محکمہ صحت کے افسران کی بھی گرفتاری کے لیے اجازت طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب مقامی عدالت نے سرکاری ویکسین کی چوری میں ملوث تین ملزمان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
ملزمان میں امان سلطان ، محمد علی اور محکمہ صحت کا ویکسینیٹر محمد ذیشان شامل ہیں ۔