29 جولائی ، 2021
معروف ہالی وڈ اداکار ٹام کروز کا فلم کے کردار ٹونی اسٹارک (آئرن مین) کی حیثیت سے کام کرنے سے انکار کے بعد روبرٹ ڈاؤنی جونئیر کو منتخب کیا گیا تھا جنہیں اب مداح اسی نام سے یاد رکھتے ہیں۔
2000 کی دہائی میں ٹام کروز کا شمار دنیا کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا تھا جبکہ اسی وقت روبرٹ ڈاؤنی اپنی گھریلو مشکلات میں پھنسے ہوئے تھے اور نہ ہی ہالی وڈ میں شہرت کے معاملے میں ٹام کروز کے مد مقابل سمجھے جاتے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی وڈ اداکار نے انکشاف کیا کہ فلم پروڈکشن کمپنی اور ان کے مابین اس حوالے سے بات چیت ہوچکی تھی جس کے چند عرصے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کرنا ہی بہتر سمجھا تھا۔
ٹام کروز کا کہنا تھا کہ جب میں کوئی چیز کرتا ہوں تو اسے مکمل انداز میں کرتا ہوں، اگر میری جانب سے کچھ کرنے کا ارادہ کیا جائے تو مجھے معلوم ہوتا ہے یہ ضرور کوئی خاص چیز بنے گی۔
معروف اداکار کا مزید کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہوا کہ یہ کردار ادا کرنے کا فیصلہ مثبت ثابت نہیں ہوسکتا، میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اسے بہتر سے بہتر بنانے کیلئے فیصلہ سازی میں بھی حصہ لیتا ہوں اس لیے مجھے بعد میں ایسا لگا کہ اس کردار کو ادا کرنا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔
ٹام کروز نے اداکار روبرٹ ڈاؤنی جونئیر سے متعلق کہا کہ روبرٹ نے اس آئرن مین کے کردار کو بہت بہترین انداز میں ادا کیا ہے اوروہ روبرٹ کے علاوہ کسی دوسرے اداکارکو اس کردار کو زندہ کرنے کا تصور نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ روبرٹ ڈاؤنی کی جانب سے آئرن مین کا کردار ادا کرنے کے بعد اداکار کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی اور فلم نے اربوں ڈالر کا کاروبار بھی کیا ۔