Geo News
Geo News

Time 29 جولائی ، 2021
پاکستان

پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 94 ویں سال گرہ پر جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہے پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں ، علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پاک چین شراکت کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق  پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 94 ویں سال گرہ پر جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقادکیا گیا، آرمی چیف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں چینی سفیر نونگ رونگ سمیت چینی سفارتی حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جو ہر آزمائش پرپورےاترےہیں، ہمارا ماضی اور حال گواہ ہےکہ کسی چیلنج  سے نہیں گھبرائے۔

 آرمی چیف نے چین کےدفاع ،سلامتی اور قومی تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایل اے اورپاک فوج ایک دوسرے کے بھائی ہیں، ہمارے تعلقات  مشترکہ مفادات کا تحفظ کرتے رہیں گے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے دفاعی اتاشی نے چینی صدر شی جن پنگ کا بیان پڑھ کر سنایا، چینی صدر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج  پاک چین تعلقات کا اہم جز ہیں، چین، پاکستان آہنی بھائی، تمام موسموں کےدوست  اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں۔