Time 02 اگست ، 2021
دنیا

امریکا اور برطانیہ نے بحری جہاز پر حملے کا الزام ایران پر عائد کردیا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

امریکا اور برطانیہ نے بحری جہاز پر حملے کا الزام ایران پر عائد کردیا۔

برطانوی میڈیا کےمطابق گزشتہ جمعرات کو عمان میں اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے جن میں سے ایک برطانوی اور دوسرا رومانیہ کا شہری تھا۔

شِپ پر حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بیننٹ نے ٹی وی پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ہماری شپ پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے خبردار کیا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ اب اپنے اندازمیں ایران کو کس طرح پیغام بھیجنا ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کے بعد ایران نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے بعد اب برطانیہ اور امریکا نے بھی شپ پر حملے میں ایران کو ملوث قرار دیا اور اس سلسلے میں برطانوی وزیرخارجہ ڈومینک راب نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ کو یقین ہےکہ ایران نے جہاز پر حملے کے لیے ایک اور ڈرون کا استعمال کیا اور جہاز کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو ہر حال میں اس طرح کے حملے روکنا ہوں گے اور جہازوں کو آزادانہ طور پر نقل و حرکت کی اجازت دینا ہوگی۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن کو یقین ہےکہ یہ ایران کا کام ہے جس کا جواب مناسب انداز میں دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہےکہ بین الاقوامی برادری ایران پر واضح کرے گی کہ اس نے ایک سنگین غلطی کی ہے۔

علاوہ ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صیہونی ریاست اسرائیل نے خطے میں عدم تحفظ، دہشتگردی اور تشدد کو جنم دیا جب کہ اسرائیل کو بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :