'نواز، مریم اورفضل الرحمان سےنہیں صرف پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن قیادت سے بات ہوگی'

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نہ نواز شریف سے نہ مریم سے ،نہ فضل الرحمان سے، بات صرف پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن قیادت سے ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وفاقی وزیر اطلاعت فواد چوہدری نےکہا کہ مریم نواز، فضل الرحمان اور نواز شریف سمیت جو پارلیمنٹ سے باہر ہیں وہ اس نظام کو طاقت ور نہیں دیکھنا چاہتے، وہ چاہتے ہیں کہ نظام بگڑے اور انہیں موقع ملے۔

 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر بیٹھے مفرور افراد کو پارٹی کی قیادت کرنےکا کوئی حق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے ماضی بُھلا کر آگے بڑھنے کے بیان کو خوش آئند قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ  آزادکشمیر میں الیکشن مسلم لیگ ن نے خود کروایا اور اب انتخابات ہار کر دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو اپنے معاملات پر نظرثانی کرنی چاہیےکیونکہ ہر معاملے میں سندھ حکومت پیچھے دکھائی دیتی ہے۔

مزید خبریں :