کھیل
Time 04 اگست ، 2021

عمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر عمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ عمر اکمل کا ری ہیب پروگرام گزشتہ ماہ شروع ہوا تھا جو اگلے ماہ تک مکمل ہوجائے گا اور کلب کرکٹ کی اجازت ری ہیب پروگرام کی کڑی ہے۔

پی سی بی کے مطابق ری ہیب مکمل ہونے پر عمر اکمل اس سال ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہےکہ عمر اکمل ندامت کے اظہار کے علاوہ اینٹی کرپشن لیکچرز میں شریک ہو چکے ہیں  جب کہ وہ پی سی بی سکیورٹی اینڈ کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے سوالات کے جواب دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ عمراکمل کے خلاف میچ فکسنگ کی آفر کو رپورٹ نہ کرنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے کارروائی کی تھی۔

عمراکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال کی سزا سنائی گئی تھی جسے آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے کم کر کے 18 ماہ کر دیا تھا۔

کرکٹر نے سزا کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں بھی اپیل دائر کی تھی جس پر عدالت نے عمر اکمل پر عائد 18 ماہ کی پابندی میں مزید 6 ماہ کی کمی کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کیا تھا۔

مزید خبریں :