Time 04 اگست ، 2021
پاکستان

سردار قیوم نیازی آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے

پاکستان تحریک انصاف کے سردار قیوم نیازی آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی کو 33 ووٹ ملے جس کے بعد وہ آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے چوہدری اکبر لطیف کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا گیا تھا جنہوں نے 15 ووٹ حاصل کیے۔

اس سے قبل آج ہی وزیراعظم عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارت عظمیٰ کا امیدار نامزد کیا تھا جس کی تصدیق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کی تھی۔

سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سردار عبدالقیوم نیازی کون ہیں؟

آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا تعلق حلقہ ایل اے 18پونچھ ون کے گاؤں درہ شیر خان سے ہے جو لائن آف کنٹرول کے بالکل سامنے ہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی 1969 میں گاؤں درہ شیر خان میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق مغل خاندان سے ہے اور وہ تخلص کے طور اپنے نام کے ساتھ’نیازی‘ لکھتے ہیں، مقامی سطح پر ان کو دلی مغل کہا جاتا ہے۔

ان کے آباؤ اجداد 1947 میں مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کرکے ضلع پونچھ کے کنٹرول لائن پر واقع علاقہ درہ شیر خان میں آباد ہوئے، ان کے بڑے بھائی سردار غلام مصطفیٰ مغل 1985 میں وزیر مال رہے، سردار عبدالقیوم خان نیازی نے 22 سال کی عمر میں ڈسٹرکٹ کونسلر کا الیکشن لڑا جو جیت گئے۔

2006 میں ممبر اسمبلی کے لیے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور امیدوار اسمبلی نامزد ہوئے ، 2006 سے 2011 تک وزیر خوراک سمیت دیگر وزارتوں پر بطور وزیر اپنی خدمات سر انجام دیتے رہے۔

2011 میں دوبارہ مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے امیدوار اسمبلی کے لیے الیکشن لڑا جس میں ناکام ہوئے، 2016 میں ایک بار پھر مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے امیدوار اسمبلی کے لیے میدان میں اترے اور چند سو ووٹوں سے الیکشن ہار گئے۔

بعد ازاں الیکشن میں دھاندلی کا الزام لے کر عدالت پہنچے جس کا کیس عام انتخابات 2021 تک عدالت میں تھا۔

2019 میں مسلم کانفرنس کی دیرینہ رکنیت کو خیر باد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور عام انتحابات 2021 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور 9 ہزار کی لیڈ کے ساتھ 24758 ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہےکہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 32 نشستیں ہیں جب کہ پیپلز  پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں، جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔

مزید خبریں :