04 اگست ، 2021
وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ تمام ٹینڈرز کی منظوری اور منسوخی کا ڈیٹا ویب سائٹس پر دیا جائے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خان زادہ نےکل اپنے پروگرام میں ایل این جی ٹینڈرز کی شفافیت پر سوالات اٹھائے تھے ۔
پروگرام میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے مہنگے ایل این جی ٹینڈرز کی تفصیلات ویب سائٹ پر رکھنا بند کردی ہیں۔
آج وزیرتوانائی نےایل این جی کی خریداری شفاف بنانےکے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔
حماد اظہر نے پی ایس او اور پاکستان ایل این جی بورڈز کو ہدایات جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ پی ایس او ایل این جی کی خریداری کے لیے پی ایل ایل کی طرح لائحہ عمل اپنائے اور پی ایس او بورڈ ایل این جی بڈ قبول کرنے یا مسترد کرنے سے قبل مشاورت کرے۔
وفاقی وزیر نے حکم دیا ہےکہ ایل این جی کی بڈ قبول یا مسترد کرنے کا فیصلہ ویب سائٹ پر جاری کیا جائے، ایل این جی کی سپاٹ خریداری مسابقتی بنیادوں پر ٹینڈر کے ذریعے ہوتی ہے، ان اقدامات کا مقصد ایل این جی خریداری پر قیاس آرائیوں کو ختم کرنا ہے ۔