Geo News
Geo News

Time 06 اگست ، 2021
پاکستان

وزیر اعظم اور آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ

وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی دورے کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے یادگار شہداء پر پھول رکھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے میں وزیراعظم کو موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری استحکام آپریشنز، افغان سرحد پر باڑ اور نئے قبائلی اضلاع میں سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو پاک افغان سرحد پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے بارڈر منیجمنٹ اور داخلی سکیورٹی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وزیر اعظم نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کورونا وبا کے دوران ضلعی انتظامیہ کی مدد پر فارمیشن کی خدمات کو بھی سراہا۔