Time 06 اگست ، 2021
پاکستان

اماراتی ائیرلائن 70 مسافروں کو کراچی ائیرپورٹ پر چھوڑ کر چلی گئی

پاکستانی ائیرپورٹس پر مسافروں کا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ نہ لیے جانے کے سبب ایمریٹس ائیرلائن نے پاکستانی مسافروں کو دبئی لے جانے سے انکار کردیا جبکہ کراچی ائیرپورٹ سے 70مسافروں کو دبئی روانہ ہونے سے روک دیا گیا۔

منیجر کراچی ائیرپورٹ کے مطابق کراچی سے دبئی جانے والی اماراتی ائیرلائن کی پرواز ای کے 601 کے 60 سے زائد مسافروں کو رپییڈ پی سی آر ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے بورڈنگ کارڈز جاری نہیں کیے گئے جبکہ سفر سے روکے جانے پر مسافروں نے ائیرلائن کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

سی اے اے ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستانی مسافروں کیلئے پرواز سے 4گھنٹے قبل ائیرپورٹ پر ہی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط عائد کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق روکے گئے مسافروں کے پاس منظور شدہ لیباٹریز کی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ موجود تھی، مسافر پرواز سے قبل ائیرپورٹ پہنچے تو انھیں کہا گیا کہ نئے قوانین کے تحت ائیرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے۔

کراچی ائیرپورٹ پر تعینات ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کہیں بھی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے، جمعے کو کراچی کے علاوہ لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت کسی پاکستانی ائیرپورٹ سے مسافر دبئی روانہ نہیں ہوسکے تاہم امارات ائیرلائنز کے ذریعے صرف ٹرانزٹ مسافروں نے سفر کیا۔

تاہم دلچسپ بات یہ کہ متحدہ عرب امارات کی ایک دوسری ائیرلائن ائیرعربیہ کے ذریعے جمعہ کی شام 130  پاکستانی مسافر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر ہی کراچی سے شارجہ کیلئے روانہ ہوئے۔

مزید خبریں :