09 اگست ، 2021
ایک نئی تحقیق کے مطابق نیوز پیلٹ فارمز (بشمول اخبارات و جرائد اور ڈیجیٹل ویب سائٹس) پر اشتہارات سوشل میڈیا سائٹس جیسے فیس بک یا یوٹیوب پر کی گئی تشہیر سے زیادہ مؤثر ہوتے ہیں۔
امریکا سے تعلق رکھنے والے محقق ڈوئین واران کی زیرنگرانی ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اخبارات میں لگنے والے اشتہارات فیس بک پر لگنے والے ہر قسم کے اشتہارات سے 4 گنا زیادہ مؤثر ہوتے ہیں۔
بینچ مارک اور پے بیک سیریز نامی یہ تحقیق آسٹریلوی پبلشرز گروپ 'تھنک نیوز برانڈز 'کی جانب سے کی گئی ، اس کے سربراہ ڈاکٹر واران امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں قائم میڈیا سائنس لیب کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور اس سے قبل مرڈوک یونیورسٹی آسٹریلیا کی آڈینس لیب کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں اور انہیں سال کا بہترین استاد منتخب ہونے پر پرائم منسٹر ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
بینچ مارک اور پے بیک سیریز ' تحقیق کے کچھ نتائج اس سال کے شروع میں شائع ہوئے تھے، اس تحقیق میں 5،350 سے زائد شرکاء کو شامل کیا گیا جس میں 42 اخبارات و جرائد اور 252 ویب سائٹس کو شامل کیا گیا اور اس سے مجموعی طور پر 6 ہزار 37 برانڈز کی تشہیر ہوئی۔
اس تحقیق کا مقصد خریداری کے لیے نیوز پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال اور ان کے اثرات کو سمجھنا تھا۔
تحقیق کے پہلے حصے میں ویب سائٹس پر چلنے والے اشتہارات کے اثرات کا موازنہ نیوز پلیٹ فارمز کے اشتہارات کے اثرات سے کیا گیا۔
واران کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اشتہارات کے اثرات کے لحاظ سے نیوز پلیٹ فارمزکے مقابلے میں سوشل میڈیا کا موازنہ کرنے کے حوالے سے اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق ہے، اس کے نتائج اہم خلا کو پُر کرنے اور بڑے میڈیا کے منظرنامے کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ پرنٹ میڈیا کے اشتہارات جو آدھے یا پورے صفحے پر چھپے ہوں وہ فیس بک پر 6 سے 15 سیکنڈز چلنے والے اشتہارات سے 4 گنا زیادہ مؤثر ہوتے ہیں ۔
اس کے علاوہ فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمزجیسے یوٹیوب ،مشترکہ نیوز فارمیٹس(اخبارات،جرائد اور ڈیجیٹل ویب سائٹس) کے مقابلے میں کم مؤثر پائےگئے جب کہ اخبارات اور ڈیجیٹل میڈیا پر چلنے والے اشتہارات فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مقابلے میں دوگنا مؤثر پائے گئے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نیوز میڈیا پر چلنے والے اشتہارات یوٹیوب پر چلنے والے اشتہارات سے زیادہ مؤثر رہے۔
اس کے علاوہ ایک اور تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی ہےکہ نیوز میڈیا پر چلنے والے اشتہارات سوشل میڈیا پر اشتہارات کے مقابلے میں کاروبار کے فروغ کے لحاظ سے زیادہ سود مند ہوتے ہیں اور کاروباری لحاظ سے بھی نیوز میڈیا میں سرمایہ خرچ کرنا زیادہ سود مند ہوتا ہے۔