Geo News
Geo News

Time 11 اگست ، 2021
پاکستان

'سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم کو بھارت اور افغانستان سے سپورٹ کیا جارہا ہے'

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، پاکستان کے خلاف سوشل  میڈیا ٹرینڈز کے پیچھے بھارت سب سے آگے ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا 2 سال کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے، پی ٹی ایم نے ریاست مخالف 150 ٹرینڈز چلائے اور بھارت نے اس کو سپورٹ کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سینیٹر عثمان کاکڑ کی موت برین ہیمرج کے باعث ہوئی تاہم بھارت نےجعلی ٹرینڈ چلایا،ان کی وفات پر 2 ہزار ٹوئٹس بھارت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کی گئیں، اس کے علاوہ زلفی بخاری پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا، اسرائیل نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلایا جس پر 10 ہزار ٹوئٹس کی گئیں، ن لیگ کی میڈیا ٹیم اور جے یو آئی  نے بھی اسرائیلی ٹرینڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہرقسم کا فساد پھیلانے میں بیرون ملک سے ہاتھ ملوث ہوتے ہیں،فرقہ ورانہ نفرت اور لسانی فسادات کی کوشش میں بھی بیرون ملک سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ملوث ہیں،نور مقدم کیس کو بنیاد بنا کر بھارتی ٹی وی چینلز نے پاکستان کےخلاف کئی گھنٹے کی ویڈیوز اپ لوڈ کیں،پاکستان کے خلاف جعلی خبروں کے ذریعے بڑے پیمانے پر میڈیا جنگ شروع کی جاچکی ہے۔

افغان فوج لڑنےکے بجائے ہتھیار ڈال رہی ہے تو پاکستان کا کیا قصور ؟

اس موقع پر مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اتحادی افواج کی 20 سال ناکامی کی ذمہ داری بھی پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہائبرڈ وار کے ذریعے پاکستانی ریاست، فوج اور خصوصاً سی پیک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 

معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف امریکی پابندیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہورہی اور نہ ہی کوئی جواز ہے،افغان فوج لڑنے کے بجائے ہتھیار ڈال رہی ہے تو پاکستان کا کیا قصور ہے ؟ پاکستان کے خلاف جعلی خبروں اور پروپیگنڈا نیوز کو افغان حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔