Time 11 اگست ، 2021
پاکستان

ڈکیتی میں مزاحمت پر 72 سالہ شہری قتل، سی سی ٹی وی منظرعام پر آگئی

لاہور میں ڈاکوؤں نے 72 سالہ شخص سے 15 لاکھ روپے لوٹ کر قتل کر دیا جبکہ بزرگ شہری اکیلا کافی دیر ڈاکوؤں کے سامنے ڈٹا رہا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ضرار شہید روڈ پر پیش آیا جہاں عسکری نائن کینٹ کا رہائشی 72 سالہ میاں شفیق بینک سے 15 لاکھ روپے نکلوا کر بیٹی کے گھر پہنچا اور وہ گھر کے دروازے پر داماد کے ساتھ کھڑا تھا کہ دو موٹرسائیکل سوار ڈاکو آ دھمکے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 72 سالہ بزرگ ڈاکوؤں کےسامنے ڈٹ جاتا ہے، ایک ڈاکو کو دھکا دیتا ہے اور خود جان بچانے کیلئے ایک طرف دوڑ پڑتا ہے، ڈاکو موٹرسائیکل پر پیچھا کرتے ہیں، بزرگ شہری بھی ڈاکوؤں کو پکڑنے کی سرتوڑ کوشش کرتاہے۔

اس کشمکش میں ڈاکوؤں کی موٹرسائیکل گرجاتی ہے اور ڈاکو بزرگ شہری پر فائرنگ کردیتے ہیں، گولیاں ان کے سینے میں لگیں جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجدکیانی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور حکم دیا ہےکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈاکوؤں کو ٹریس کیا جائے۔

مزید خبریں :