ملک میں مہنگائی کی شرح 16.60 فیصد پر پہنچ گئی

ہفتہ وار مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی، آٹا، ٹماٹر، لہسن، مرغی، گھی اور کوکنگ آئل سمیت 18 اشیا مہنگی ہو گئیں۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ملک میں مسلسل 8 ویں ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد کسی بھی ہفتے مہنگائی میں کمی نہیں ہوئی اور ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق سب سے کم آمدنی والے طبقےکیلئے منہگائی 16.60 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائےضروریہ مہنگی ہوئیں،  6 کی قیمت میں کمی اور 27 میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 22 روپے فی کلو مہنگےہوگئے اور فی کلو اوسط قیمت 80 روپے 75 پیسے تک پہنچ گئی۔

زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 56 پیسے اضافہ ہوا اور اوسط فی کلو قیمت 160 روپے 72 پیسےہوگئی جبکہ لہسن 10 روپے 42 پیسے، آلو 0.67 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ 

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت 32 پیسے بڑھ کر 105 روپے 51 پیسے تک پہنچ گئی جبکہ ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 9 روپے 72 پیسے مہنگا ہوااور اوسط قیمت 850 روپے 35 پیسے ہوگئی۔

 آٹا، دال چنا، دال ماش اور دہی بھی مہنگا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلا 3 روپے 27 پیسے فی درجن سستا ہوا، انڈے 2 روپے 78 پیسے فی درجن، پیاز 78 پیسے، دال مونگ 2 روپے 44 پیسے فی کلو سستی ہوئی جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 14 روپے 59 پیسے سستا ہوا۔

مزید خبریں :