طالبان کسی اور ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے اور چاہتے ہیں کوئی دوسرا ملک بھی ہمارے معاملات میں مداخلت نہ کرے: طالبان ترجمان کا انٹرویو
16 اگست ، 2021
کابل پر قبضے اور افغانستان کے بیشتر حصے پر عملداری قائم کرنے کے بعد طالبان نے عالمی برادری کے ساتھ مل کر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے خلیجی خبر رساں ادارے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ افغانستان میں جنگ ختم ہوگئی، اب ملک میں نئے نظام حکومت کی شکل جلد واضح ہوجائے گی۔
تمام افغان رہنماؤں کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں: طالبان ترجمان
انہوں نے کہا کہ آج طالبان کو 20 سال کی جدوجہد اور قربانیوں کا پھل مل گیا، طالبان کسی کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے، تمام افغان رہنماؤں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں اور ہر قدم ذمہ داری سےاٹھائیں گے، طالبان عالمی برادری کے تحفظات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی افغانستان کی سر زمین کسی کے خلاف استعمال کرنےکی اجازت نہیں دی جائے گی، طالبان کسی اور ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے اس لیے چاہتے ہیں کوئی دوسرا ملک بھی ہمارے معاملات میں مداخلت نہ کرے، امید ہے غیر ملکی قوتیں افغانستان میں اپنے ناکام تجربےنہیں دہرائیں گی۔
شہریوں اور سفارتی مشنز کو تحفظ فراہم کریں گے: طالبان
ترجمان طالبان نے مزید کہا کہ اپنے ملک اور لوگوں کی آزادی کا مقصد حاصل کرچکے، تمام افغان رہنماؤں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں اور ان کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں، اشرف غنی کے فرار ہونے کی امید نہ تھی۔
ان کا کہناتھا کہ عالمی برادری سے پُرامن تعلقات چاہتے ہیں، کسی سفارتی ادارے یا ہیڈکوارٹر کو نشانہ نہیں بنایاگیا، شہریوں اور سفارتی مشنز کو تحفظ فراہم کریں گے، تمام ممالک اور قوتوں سے کہتے ہیں کہ وہ کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہمارے ساتھ بیٹھیں، طالبان پُر امن تعلقات کےخواہاں ہیں، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق اور آزادی کا شریعت کےمطابق خیال رکھا جائے۔
افغان طالبان کے سیاسی ونگ کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر اخوند نے کہا ہے طالبان کو جس طرح کامیابی ملی اس کا گمان بھی نہ تھا۔
افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملا عبدالغنی برادر کا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
سوشل میڈیا پر کابل شہر اور ائیر پورٹ کے کچھ مناظر سامنے آئے ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہر میں کس قسم کی افراتفری برپا ہے، طالبان کے کنٹرول کے بعد عوام شہر کو جلد از جلد چھوڑنا چاہتے ہیں۔
سابق افغان صدر حامد کرزئی نے افغانستان چھوڑنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
ایک بیان میں حامد کرزئی نے کہا کہ وہ ملک میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ گھروں میں رہیں، وہ بات چیت سے مسائل حل کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔
دوسری جانب غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان نے افغان صدارتی محل کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
صدارتی محل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان رہنماؤں کے ایک گروپ نے میڈیا کے لیے پیغام بھی جاری کیا ہے۔
کینیڈا نے کابل میں عارضی طور پر سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کر دیا جب کہ اسٹاف پہلے ہی واپس بلا یا جاچکا ہے۔
اس کے علاوہ جرمنی ، فرانس اور نیدر لینڈز نےکابل میں اپنے سفارتخانوں کے اسٹاف کو انخلا کے لیے کابل ائیرپورٹ پہنچادیا۔
ادھر برطانیہ نے افغانستان سے اپنے 3 ہزار شہریوں کو نکالنے کے لیے 600 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب نے بھی افغانستان سےاپنے سفارتی عملےکو واپس بلالیا۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ کابل میں سعودی سفارتخانے کے تمام سفارتکاروں کو نکال لیا گیا ہے، تمام سعودی سفارتی عملہ سعودی عرب پہنچ گیا اور سب خیر و عافیت سے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اتحادیوں کی جانب سے دستخط شدہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ افغانستان سے جانے کے خواہش مند افغانیوں اور غیر ملکیوں کو جانے کی اجازت دی جائے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ انسانی زندگی کے تحفظ کے ذمے دار اور جوابدہ افغانستان میں طاقت اور اختیارات رکھنے والے ہیں۔