17 اگست ، 2021
افغان طالبان کے نائب امیر وقطر میں سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ و سابق وزیراعظم فلسطین اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس کے سربراہ اور ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں وفد کی ملاقات رواں ہفتے ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات قطر کے دارالحکومت دوحہ کے نامعلوم مقام پر ہوئی۔
اخبار کے مطابق ملا برادر نے حماس کو اسرائیل کے خلاف مزاحمت پر مبارکباد پیش کی۔
دوسری جانب یہ رپورٹس بھی منظر عام پر آئی ہیں کہ اسماعیل ہانیہ نے افغان دارالحکومت کابل پر قبضے کے بعد ملاعبدالغنی برادر کو ٹیلی فون کیا اور مبارکباد پیش کی ہے۔
تاہم آزاد ذرائع سے اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔