17 اگست ، 2021
افغانستان کے نائب صدر امر اللہ صالح نے ملک کے نگران صدر ہونے کا دعویٰ کردیا ہے ۔
امراللہ صالح نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں ملک میں ہوں اور میری تمام رہنماؤں سے حمایت اور اتفاق رائے کی اپیل ہے ۔
امراللہ صالح کا کہنا تھا کہ افغانستان کے آئین کے مطابق صدر کی غیر موجودگی، موت، مستعفی ہونے کی صورت میں نائب صدر ملک کا نگران صدر ہوتا ہے، میں اس وقت اپنے ملک میں ہوں اور میں آئین کے تحت ملک کا نگران صدر ہوں۔
اس سے پہلے یہ خبریں تھیں کہ امراللہ صالح بھی اشرف غنی کے ساتھ ملک سے فرار ہوگئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی زیرگردش ہیں کہ امراللہ صالح افغان صوبے پنجشیر میں ہیں۔
اس حوالے سے ایک تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں افغان نائب صدر امراللہ صالح اور احمد مسعود ساتھ بیٹھے ہیں اور مبینہ طور پر طالبان کیخلاف مزاحمت کیلئے منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔
تاہم اس تصویر کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ حالیہ دنوں کی ہے یا پرانی البتہ امراللہ صالح نے آج اپنی ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ وہ ملک میں ہی موجود ہیں۔