Geo News
Geo News

Time 20 اگست ، 2021
دنیا

بائیڈن انتظامیہ کو کابل پر طالبان کے قبضے سے قبل آگاہ کیے جانے کا انکشاف

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے طالبان کے کابل پر قبضے سے ایک ماہ پہلے 13 جولائی کو وزارت خارجہ کو ایک میمو بھیجا تھا جس میں اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ طالبان کابل پر قبضہ کر سکتے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی عہدے داروں کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ 13 جولائی کو امریکی محکمہ خارجہ کے انٹرنل کیبل پر ایک میمو بھیجا گیا جس میں افغانستان میں موجود امریکی حکام نے افغانستان پر طالبان کے جلد قبضے سے خبردار کیا تھا۔

 افغانستان سے فوجی انخلا کی تاریخ دینے کے فوری بعد جاری انتباہی میمو میں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ طالبان افغان علاقوں پر تیزی سے قابض ہو رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ افغان فورسز طالبان کو نہ روک پائیں۔ 

امریکی حکام نے بحران کے خاتمے اور انخلا کا عمل تیز کرنے سے متعلق بائیڈن انتظامیہ کو کچھ سفارشات بھی پیش کی تھیں۔ 

امریکی صدر جو بائیڈن نے حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ افغانستان کے بارے میں انٹیلی جنس رپورٹوں میں متفقہ طور پر کوئی رائے نہیں پیش کی گئی تھی تاہم اس سال کے آخر تک کابل پر طالبان کے قبضے کا امکان ضرور تھا۔